Return to Punjab | پنجاب میں واپسی | Panjab M Wapisi | Athar Masood
Return to Punjab | پنجاب میں واپسی | Panjab M Wapisi | Athar Masood
الحمد للہ
Return to Punjab
کا ترجمہ بعنوان "پنجاب میں واپسی" مکمل ھوا۔ Punjabi Saga کے نام سے انگریزی میں شائع ہونے والی پرکاش ٹنڈن کی اس خود نوشت سوانح حیات کے تین حصے ہیں۔ پہلے دو حصوں Punjabi Century اور Beyond Punjab کا اردو ترجمہ جناب رشید ملک نے بعنوان "پنجاب کے سو سال" (فکشن ہاؤس، لاھور 2006) اور "بیرون پنجاب" (فکشن ہاؤس، لاھور 1996) کیا تھا۔ تیسرے اور آخری حصے Return to Punjab کا ترجمہ بعنوان "پنجاب میں واپسی" راقم کی کاوش ھے۔ تین حصوں پر مشتمل اس کتاب کا شاید یہ دلچسپ ترین حصہ ھے جس میں مصنف نے 1961 سے 1987 تک اپنی زندگی کے واقعات کا احاطہ کیا ھے۔ ایک اچھی خود نوشت سوانح حیات کی خوبیوں میں یہ بھی شامل ھے کہ آپ بیتی کے ساتھ ساتھ وہ جگ بیتی بھی ھوا کرتی ھے۔ بیان پر قدرت حاصل ھو تو ایک اچھا مصنف اپنے حین حیات میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والے واقعات اور حالات کو نہ صرف بطور شاہد و ناظر بلکہ ان میں موجود ایک زندہ کردار کی حیثیت سے بھی بیان کرتا ھے۔
پرکاش ٹنڈن کی شہرت معروف معنوں میں ایک ادیب کی نہیں لیکن 1961 میںPunjabi Century کی اشاعت کے بعد انھیں نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں مقیم سرزمین پنجاب کی تاریخ و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والوں میں خاصی شہرت حاصل ھو گئی جس کے باعث انھوں نے یہ سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائیے اور ایک نہایت عمدہ اختتامیے کے ھمراہ تینوں حصے پڑھنے کے بعد مجھے یہ کہنے میں کوئی باک نہیں کہ موصوف کا یہ فیصلہ بڑا صائب تھا جس کے نتیجے میں ھمیں ایک ایسی کتاب پڑھنے کو ملی جس کا مصنف انگلستان میں رہے یا بمبئی میں، دہلی جائے یا احمد آباد، ہارورڈ، بوسٹن یا لاس اینجلس میں قیام کرے یا ماسکو کا دورہ کرے، جموں و کشمیر کی وادیوں میں گھومے یا تقسیم کے بعد والے ہندوستانی پنجاب میں رہے، اس کی باتوں میں خانیوال، ھوشیارپور، سرگودھا، امرتسر، بہاولپور، پھگواڑا، لاھور اور گجرات کا ذکر کسی نہ کسی بہانے چھلک پڑتا ھے اور وہ پنجاب اور اہل پنجاب کی خصوصیات پر کسی لگی لپٹی کے بغیر براہ راست، پر خلوص اور فخریہ انداز میں بات کرنے لگتا ہے۔
"پنجاب میں واپسی" پرکاش ٹنڈن کی سوانح حیات ھونے کے ساتھ ساتھ تقسیم برصغیر کے بعد ہندوستان کے پہلے پچیس برس کے دوران وہاں کی سیاست اور معیشت کے مختلف پہلووں پر ایک عمدہ تبصرہ بھی ھے۔ اسی دوران مصنف کو پاکستان آنے کا موقع بھی ملا جہاں وہ اپنی جنم بھومی گجرات کے علاوہ لاھور، کراچی اور بہاولپور بھی گئے جہاں ان کا بچپن اور لڑکپن گزرا تھا۔
امید ھے ان موضوعات سے دلچسپی رکھنے والوں کو یہ کتاب ضرور پسند آئے گی۔
ISBN 9786273002033
Pages 359