شگفتہ گم لودھی نے بیک وقت اردو، پنجابی اور انگریزی ادب کے میدان میں ایک ممتاز مقام حاصل کیا ہے ۔ اُن کے ادبی سفر کی ابتدا ان کے والد سلیم خان گلی کے زیر سایہ ہوئی جنھوں نے اپنی بیٹی کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ اُن کی والدہ نے بھی اُن کی ادبی دلچسپیوں میں بھر پور تعاون کیا۔ شگفتہ لودھی نے اردو، پنجابی اور انگریزی زبانوں میں تقریباً دس کتا بیں لکھ کر ان زبانوں کے ادب کو مالا مال کیا ہے۔ انھوں نے اپنی پہلی کتاب سے ہی ادبی دنیا میں تہلکہ مچادیا۔ اُن کی تخلیقی صلاحیتیں، منفرد اسلوب اور فکر انگیز موضوعات نے انھیں قارئین اور ناقدین میں یکساں مقبول بنا دیا ہے۔ اُن کی کتب میں افسانے ، ناول ( زیر طبع ) ، شاعری اور تحقیق شامل ہیں ۔ شگفتہ لودھی کی تحقیقاتی کتب نے اردو ادب کے سنجیدہ قارئین اور محققین کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔ اُن کے تحقیقی کام میں مواد کی گہرائی، تجزیاتی صلاحیت اور علمی معیار کی بلندی شامل ہے۔ ان کی تحقیقاتی کتب نے نہ صرف ادبی حلقوں میںبلکہ جامعات میں بھی قابل قدر مقام حاصل کیا ہے۔
خوشی اور کامیابی کے احساس کے ساتھ آپ کے سامنے جامعات میں اردو تحقیقپیش کر رہی ہوں جو کہ ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں مکمل ہونے والے 300 سے زیادہ مقالوں کا مجموعہ ہے۔
اس کتابمیں ، میں نے اُن مختلف مقالہ جات کو شامل کرنے کی کوشش کی ہے جو اردو ادب اور اس کے مختلف ذیلی مضامین سے متعلق موضوعات کی ایک وسیع رینج کا احاطہ کرتے ہیں۔ اس کتابمیں شامل مقالہ جات کا انتخاب اردو ادبی مطالعات کے میدان میں اُن کی مطابقت اور اہمیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ وہ ادبی تنقید، زبان، ثقافت اور تاریخ جیسے موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں، جو قارئین کو اردو زبان اور اس کے ادب کی پیچیدگیوں کی جامع تفہیم فراہم کرتے ہیں۔