کمیونزم کیا ہے ؟ Communism Kya Hai Abid Mir
کمیونزم کیا ہے ؟ Communism Kya Hai Abid Mir
Couldn't load pickup availability
300 in stock
پاکستان میں اس وقت تسلسل کے ساتھ معیاری پبلشنگ کا کام کرنے والے درجن بھر ادارے ہی ہوں گے۔ ان میں سے بھی شاید ہی کوئی ہو جس سے کہ رائٹرز کو شکایت نہ رہتی ہو (اور وہ ایسی کوئی بے جا شکایت بھی نہیں ہوتی)۔ اس کے باوجود پاکستان جیسے مجموعی طور پر کتاب بیزار معاشرے میں کتابیں چھاپنا اور بیچنا کوئی آسان کام نہیں۔ اور خصوصاً نظریاتی لٹریچر چھاپنا تو گویا گھاٹے کا سودا ہے۔ پاکستان میں اس وقت کوئی نمایاں پبلشر یہ کام کر رہا ہے تو وہ فکشن ہاؤس ہی ہے۔ جس کی لیگیسی اب دوسری نسل کے ہاتھ آ چکی ہے۔
چوھدری ظہور صاحب کے نوجوان ولی عہد شہزاد ظہور اب ان کا بیش تر کام سنبھالتے ہیں۔ یہ میری بھی کوئی چار پانچ کتابیں چھاپ چکے ہیں۔ دو تین کتابیں مری صاحب کی بھی چھاپی ہیں۔ لین دین اور بات چیت میں صاف ستھرے آدمی ہیں۔ سو، مجھے ان کے ساتھ کام کرنا وارا کھاتا ہے۔ سرخ لٹریچر اس وقت سب سے زیادہ یہی چھاپ رہے ہیں اور شاید سب سے زیادہ مناسب قیمتوں والی کتابیں بھی ان کی ہی ہوتی ہیں۔ اس لیے بلوچستان میں ان کی کتابیں بڑی تعداد میں بکتی ہیں۔ گو کہ مارکیٹ پبلشر ہونے کے باوصف کئی کمزور تراجم بھی چھاپے ہیں لیکن وہ مارکیٹ کی ضروت ہیں، ان سے صرفِ نظر کیا جا سکتا ہے۔
یہ کتاب (کمیونزم کیا ہے؟) شہزاد نے مجھے پروف ریڈنگ اور ایڈیٹنگ کے لیے بھیجی تھی۔ مسودے سے یہ ممکنہ طور پر دارالاشاعت ترقی ماسکو کا چھپا ہوا کوئی ترجمہ لگتا ہے لیکن اس پر مصنف و مترجم کا نام غائب تھا۔ سو، انھوں نے ترتیب و تدوین میں میرا نام دے دیا۔ حالاں کہ میں نے اس کے پروف کے علاؤہ کچھ نہیں کیا، یا زیادہ سے زیادہ کہیں کہیں متن کی درستی یا اصلاح کر دی۔ اس لیے یہ کتاب میری تو نہیں لیکن ایسی کتاب پر اپنا نام دیکھ کر خوشی اب بھی ہوتی ہے۔
ہمیں یقین ہے ہم ایسی کتابیں لکھنے، پڑھنے، ایڈٹ کرنے اور اس کی ترویج کرنے والی آخری نسل نہیں ہوں گے۔
