اردو نثر کا اسلوبیاتی مطالعہ | Urdu ka Aslobiyati mutala
اردو نثر کا اسلوبیاتی مطالعہ | Urdu ka Aslobiyati mutala
Regular price
Rs.450.00 PKR
Regular price
Rs.600.00 PKR
Sale price
Rs.450.00 PKR
Unit price
/
per
اردو نثر کا اسلوبیاتی مطالعہ
مرتبہ: ڈاکٹر عقیلہ جاوید
از : عبید طاہر
اچھا لکھنا یقینا کمال ہے لیکن اچھے لکھے ہوئے کو دوسروں کے فائدے کے لیے یکجا کردینا بھی بہت بڑی بات ہے کیونکہ آپ کا انتخاب آپ کی اپنی فکری سطح اور مبلغِ علم کا پتہ دیتا ہے۔ ڈاکٹر عقیلہ بشیر نے جب سے ہوش سنبھالا ہے علم وقلم ان کے رفیق ہیں اور درس و تدریس اور درسگاہیں اور کتابیں ان کا عنوان ہیں۔ پہلے طالب علم کی حیثیت سے اور گزشتہ کئی برسوں سے بطور معلمہ کے گلزارِ علم و ادب کی گُلچیں ہیں۔
ڈاکٹر Aqeela Javed صاحبہ مجلسِ فروغِ اردو ادب قطر کی دعوت پر سلور جوبلی مشاعرے اور عالمی فروغ اردو ادب ایوارڈ کی تقریب میں خصوصی شرکت کے لیے گزشتہ سال دوحہ تشریف لائیں اور ہمیں فیضیاب کیا۔ آپ کی نگرانی میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا نے “اردو زبان و ادب کے فروغ میں مجلس فروغ اردو ادب کی خدمات” کے عنوان پر درسی مقالے لکھے جو کتابچے کی شکل میں شائع ہوئے۔ یہاں دوحہ میں یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کی جانب سے مجلس کی ۲۵ سالہ ادبی اور لسانی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر قاضی عابد اور ڈاکٹر عقیلہ جاوید نے مجلس کے روحِ رواں جناب محمد عتیق Mohammad Atiq کو یادگاری شیلڈ بھی عطا کی۔
ڈاکٹر عقیلہ بشیر صاحبہ ایک روایتی مشرقی خاتون ہیں اور زبان و بیان کی مسلسل خدمت نے ان کی عام گفتگو کو بھی شیریں اور پُرلطف بنا دیا ہے۔ آپ بلاتکلف اور سادہ کلام کرتی ہیں اور باتوں باتوں میں کسی مفکر یا بڑے شاعر یا اہم ادیب کے کسی قول یا شعر کا حوالہ دے کر عام سی بات کو بہت خاص بنا دیتی ہیں۔
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبۂ اردو کی متحرک شخصیت ہیں اور اردو زبان کے حوالے سے ملک اور بیرون ملک اسفار کرچکی ہیں بلکہ ترکی کی ایک یونیورسٹی میں بحیثیت استاد اردو کی روشنی بکھیر چکی ہیں۔
ڈاکٹر صاحبہ نے ازراہِ شفقت منتخب مضامین پر مشتمل اہم کتاب “اردو نثر کا اسلوبیاتی مطالعہ” عنایت کی جس میں انہوں نے اردو نثر کی تمام اسلوبیاتی جہتوں کو واضح کرنے والے اہم ترین مضامین کو نگینوں کی طرح جمع کردیا ہے جو بالخصوص یونیورسٹی سطح کے طلبا کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
مضامین کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔۔ حصۂ اول میں صرف اسلوب کی تعریف، تشکیل اور اس کے ارتقا سے بحث کی گئی ہے اور تین اہم مقالے پیش کیے گئے ہیں۔ یہ مضامین بالترتیب نثار احمد فاروقی، منظر عباس نقوی اور احتشام حسین کے ذہنِ رسا کی دین ہیں۔ کتاب کے دوسرے حصے میں بارہ مضامین ہیں جن میں سے ہر مضمون میں اردو نثر کے کسی ایک شاہکار یا کسی ایک بڑے نثرنگار پر بحث کی گئی ہے۔ ان مضامین میں ایک ڈاکٹر عقیلہ جاوید کا بھی ہے جس میں انہوں نے خواجہ حسن نظامی کو عوامی انشاپرداز کے زاویے سے دیکھا ہے اور مدلل گفتگو کی ہے۔ اُن کے علاوہ حماد رسول، ڈاکٹر اسلم انصاری ، ڈاکٹر سلامت سندیلوی اور ڈاکٹر انوار احمد جیسے باکمال اہلِ قلم کے بہترین مقالے شامل ہیں۔
ڈاکٹر عقیلہ جاوید نے اس کتاب کو ترتیب دے کر کالج کے اساتذہ اور یونیورسٹی کے طلبا کے لیے ایک بڑی خدمت انجام دی ہے۔
اللہ تعالی ان کی زندگی اور علم میں برکت دے اور وہ یونہی قوم کی خدمت کرتی رہیں۔ آمین
عبید طاہر
اردو ریڈیو قطر
اٹھارہ جون دوہزار بیس
دوحہ۔ قطر